چہرے بدل کر عوام کو لوٹنے والوں کا دور گزر گیا، سردار ظفر خان

94

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے واحد جماعت ہے جس کے تمام امیدواران دفعہ باسٹھ تریسٹھ پر پورا اترتے ہیں، نظریہ پاکستان کا تحفظ اور کرپشن کا خاتمہ ایم ایم اے کی سیاست کا اصل مقصد ہے۔ ملک کو 70 سال تک اپنی منزل سے ڈی ریل کیا گیا۔ چہرے بدل کر عوام کو لوٹنے والوں کا دور گزر چکا ہے، کوئی طاقت بھی ان کو بچا نہیں سکے گی۔ ایم ایم اے 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک بینکوں میں جمع کرنے والے قومی مجرم ہیں، انہیں اقتدار کے ایوانوں میں نہیں جیلوں میں ہونا چاہیے اور وہ وقت دور نہیں جب متحدہ مجلس عمل ان لٹیروں سے قوم کی ایک ایک پائی وصول کر کے اسے عام آدمی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیاز کے فریب میں نہ آئیں اور متحد ہو کر اسلامی قیادت کا ساتھ دیں کیونکہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے۔ چوروں، رسہ گیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوا م کو ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا۔