لوٹا کریسی نے سیاست اور جمہوریت کو بدنام کیا ،سردارظفر حسین

111

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹا کریسی کی نہیں ، حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے ۔لوٹا کریسی نے سیاست اور جمہوریت کو بدنام کیا ۔ جن لوگوں کو جیلوں میں ہوناچاہیے ، انہیں عوام کے کندھوں پر سوار کیا جارہاہے ۔ عوام ان درندوں کا اپنے ووٹ کی قوت سے محاسبہ کریں ۔ ایم ایم اے کو موقع ملا تو کوئی غریب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، بجٹ کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملنے تک بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔ ستر سال کی عمر کے بوڑھوں کو بڑھاپا الاؤنس اور غریب کا مفت علاج ہوگا ۔ سودی نظام ختم کر کے زکوٰۃ کا نظام قائم کریں گے ۔ ملک میں خلافت راشدہ کے نظام کو زندکرنے کے لیے قوم منبر و محراب کا ساتھ دے گی ۔ ایم ایم اے کرپشن کے خاتمے کے لیے قوانین بنائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا اور پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی ۔ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولرازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا ۔ قوم لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے اور ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا نشان کتاب انقلاب کا منشور ہے، ہم قرآن کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے ۔ مجلس عمل نے اپنے منشور میں لکھاہے کہ مجلس عمل کی حکومت دل ، گردے ، ہیپاٹائٹس ، تھیلسیمیا سمیت پانچ بڑی بیماریوں کا مفت علاج کرے گی ۔ کشمیر کی آزادی ، قبلہ اول کی حفاظت ، روہنگیا ، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کا تحفظ کریں گے۔