رجب طیب اردوان کی کامیابی عالم اسلام کی فتح ہے، میاں مقصود

142

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ترکی میں پارلیمانی وصدارتی انتخابات میں اسلام پسند اور اتحاد امت کے داعی رجب طیب ایردوان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ رجب طیب ایردوان کی فتح عالم اسلام کی فتح ہے۔ امریکا،یورپ،فرانس سیکولرزاورلبرلز کی تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں جبکہ اسمبلی میں بھی ان کے اتحاد نے 600میں سے343نشستیں حاصل کی ہیں۔طیب ایردوان کی کامیابی پرپورے عالم اسلام میں خوشی کی لہرہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح ترکی میں اسلام پسندقیادت کامیاب ہوئی ہے اسی طرح پاکستان میں بھی ان شاء اللہ عوام ایم ایم اے کامیاب کرائیں گے اور ایم ایم اے اقتدار میں آکر ملک وقوم کی خدمت کرے گی۔ایم ایم اے کاوجود ملت اسلامیان پاکستان کے لیے باعث رحمت ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام تراختلافات کوختم کرتے ہوئے دینی رہنماؤں کاایک پلیٹ فارم پراکٹھاہوناخوش آئند ہے ،اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔پاکستان کے22کروڑعوام مفاد پرست اور امریکی غلام ٹولے سے متنفر ہوچکے ہیں اور وہ ملک میں اسلامی قوانین کانفاذ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔اگر کسی بھی مقام پر دھاندلی ہوئی تو تمام ترذمے داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی۔قوم کے پاس اپنا مستقبل سنوارنے کانادرموقع ہے۔ملکی استحکام،خودمختاری اور ترقی کے لیے ایم ایم اے کی جراتمند،باکردار اور پڑھی لکھی قیادت کو منتخب کرواناوقت کااہم ترین تقاضا ہے۔انہوں نے کہاکہ70برسوں سے ملک وقوم مسائل کے دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔مٹھی بھراشرافیہ عوام کی تقدیر کی مالک بنی بیٹھی ہے اس سے نجات حاصل کرنے کاوقت آگیا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جس طرح سیاستدانوں کے اثاثے منظر عام پر آرہے ہیں ان کو دیکھنے کے بعد یوں محسوس ہوتاہے کہ ہردور کے حکمرانوں نے ملک وقوم کو لوٹنے اور قومی خزانے میں خوردبردکرنے کے سواکچھ نہیں کیا۔آرٹیکل62,63کے تناظر میں منظر عام پر آنے والے تمام اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔