باکردار اور پڑھی لکھی قیادت کو منتخب کروانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے

158
فیصل آباد ،متحدہ مجلس عمل کے امیدوار NA-109 سردار ظفر حسین خان ،رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ ، محبوب الزماں بٹ و دیگرضلعی وزونل ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
فیصل آباد ،متحدہ مجلس عمل کے امیدوار NA-109 سردار ظفر حسین خان ،رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ ، محبوب الزماں بٹ و دیگرضلعی وزونل ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مرکزی انتخابی دفتر میں جماعت اسلامی کے ضلعی اور زونل ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی استحکام، خود مختاری اور ترقی کے لیے ایم ایم اے کی دیانت دار، باکردار اور پڑھی لکھی قیادت کو منتخب کروانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ عوام اب چوروں، لٹیروں اور کرپٹ مافیاز کے فریب میں نہ آئیں اور متحد ہو کر اسلامی قیادت کا ساتھ دیں کیونکہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے۔ اسلامی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔ اس موقع پر ضلعی رہنما رانا وسیم، غلام عباس خان، انجم اقبال بٹ، شیخ مشتاق اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا اور پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی۔ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہوجائے۔ قوم لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے اور ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔