ملک وقوم کاپیسہ لوٹنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں

73

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر اورمتحدہ مجلس عمل حلقہ پی پی112کے امیدوارراناعدنان خاں نے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کے انکشاف ’’میگاکیسز کھولنے پرنیب ہیڈ کوارٹر کوبم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے‘‘ پر شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ نیب کے ہیڈ کوارٹرکوبم سے اڑانے کی دھمکی کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے اور ملوث افراد کوفی الفور گرفتار کیا جائے ۔ ملک وقوم کاپیسہ لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔میگاکیسزمیں کمیشن کھانے والوں سمیت تمام کرپٹ افراد کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب بغیر کسی دباؤ میں آئے ملک وقوم کے مفاد میں کام کرے۔ جسٹس (ر)جاوید اقبال نیب کے اندر موجود کرپٹ عناصر کے خلاف بھی کارروائی کاآغازکریں۔اداروں سے کالی بھیڑوں کی صفائی ناگزیر ہوچکی ہے۔جب تک اداروں میں موجود کرپٹ اہلکاروافسران ٹیکس چوروں اور قومی خزانے میں لوٹ مارکرنے والوں سے پلی بارگین کرتے رہیں گے اس وقت تک بہتری نہیں آسکتی ۔ ناجائزدولت کوچھپانے کے ماہراور بیرون ملک منتقل کروانے والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔مسلم لیگ(ن)کے پانچ سالہ دور حکومت میں کمیشن مافیا کی لوٹ مار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے۔پانامالیکس سے شروع ہونے والااحتساب کاعمل نوازشریف کی نااہلی پر ہی رک گیا ہے۔دیگر دبئی،پیراڈائز اور پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے کرپٹ افرادکے خلاف بھی ایکشن لیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔عوام کونہ صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی صحت کی بنیادی ضروریات مل رہی ہیں۔عوام کی زندگی کسمپرسی کی نذرہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک کرپشن اور کرپٹ عناصر کاحقیقی معنوں میں قلع قمع نہیں کردیا جاتاعوام کی زندگی خوشحال ہوسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کی منازل طے کرسکتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جوبھی محکمہ اٹھاکردیکھ لیں کرپشن کی لمبی لمبی داستانیں سنائی اور دکھائی دیتی ہیں۔سیاسی بنیادوں پر نااہل افراد کی بھرتیاں کرکے اداروں کاحلیہ بگاڑ کررکھ دیا گیا ہے۔منافع بخش ادارے آج خسارے میں چل رہے ہیں۔