عوام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی باکردار قیادت کو منتخب کریں،میاں مقصود

113

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے قرضے معافی کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس کہ’’پائی پائی وصول کی جائے گی‘‘کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کروڑوں اربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کرانے اور قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کوکنگال بنادیاہے۔کرپٹ افراد نے اقتدار میں آکردونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے ،ان سے پائی پائی وصول کرکے ملک وقوم کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے مگر دنیا میں رسوائی ہمارامقدر بنی ہوئی ہے۔عزت، وقار، سلامتی اور ملکی بقا سب کچھ داؤ پر لگ چکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی محب وطن قیادت کو منتخب کیاجائے جوحقیقی معنوں میں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو۔عوام2018ء کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی باکردار اور جراتمندقیادت کومنتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے حاصل کیے اور ان کے لوگوں نے بڑے پیمانے پرلوٹ مار کی ہے ۔ہر دور حکومت میں بینکوں سے کھربوں روپے بطور قرض حاصل کرکے معاف کروائے گئے۔اگر اب بھی ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو ان نادہندگان نے ملی بھگت کرکے تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیے گئے ہیں۔اس وقت ہرپاکستانی ایک لاکھ چوبیس ہزار کامقروض ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنایا ہے۔ہر قسم کے وسائل ہونے کے باوجود بھی ملک کی کل آبادی کا40فیصد حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جوکہ گزشتہ حکومتوں کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔بدقسمتی سے محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کو اس نہج پر پہنچادیا ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے مسلسل تنزلی کاشکار ہے۔موجودہ حالات میں غریب عوام کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سودی معاشی نظام نے ملک کاحلیہ بگاڑ کررکھ دیا ہے۔جب تک اللہ اور اس کے رسولؐکے وضع کردہ اسلامی طرزمعیشت کواختیار نہیں کیاجائے گا نہ عوام کی زندگی میں خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔