انتخابات میں عوام کے پاس ایم ایم اے کے سوا کوئی آپشن نہیں

139

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی لیڈرشپ کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف بھی اسی طرزکی پارٹی بن گئی جیسی یہ دوپارٹیاں ہیں ،تینوں پارٹیوں کے لوگوں نے ہمیشہ غریب اورمظلوم عوام کا استحصال کیا اورانہیں مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا ،عوام کے پاس مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کے سوا کوئی آپشن نہیں، تحریک انصاف نے تبدیلی کانعرہ لگایا لیکن دیگرپارٹیوں کے کرپٹ اورآلودہ افرادکوپارٹی میں بھرتی کرکے یہ ثابت کردیا وہ بھی اسٹیٹس کو،کی پارٹی ہے جوکرپٹ وڈیروں اورظالم سرمایہ داروں کے مفادات کے تحفظ اورانہیں اہمیت ومقام دینے پریقین رکھتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تنظیم کے ضلعی سیکرٹریٹ بالمقابل ہائیکورٹ بلڈنگ میں جماعت اسلامی ویمن ونگ کے زیراہتما م عیدملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم ایم اے کے نامزد امیدوارپی پی 13محمد تاج عباسی،ضلعی ناظمہ سمیہ علی سمیت دیگرذمے داران نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلع بھرسے بڑی تعدادمیں خواتین اس موقع پر تقریب میں شریک تھیں ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ کرپٹ ٹولے نے ملک کو معاشی تباہی کا شکارکیا، عوام پینے کے صاف پانی ،تعلیم وصحت سے محروم ،ہرغریب30,35فیصدجی ایس ٹی اداکرتا ہے،قرضوں کے بوجھ اور مسائل کے علاوہ عوام کوان تینوں کرپٹ اشرافیہ کی پارٹیوں نے کچھ نہیں دیا ۔یہ کرپٹ اشرافیہ ملک کی سلامتی کیلیے سیکورٹی رسک ہیں انہیں حکمرانی کی مسندپربٹھا نے سے جہاں عوام کی محرومیاں بڑھیں گی وہیں ملک کی ایٹمی سلامتی کوبھی خطرات لاحق ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ خواتین ایم ایم اے کے امیدوار وں کی ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کو تیز ترکریں اورعوام الناس کوانتخابی منشور کے بارے میں آگاہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ دینی قوتوں کے کسی قائد کا نام کرپشن یا قرضے معاف کروانے والی کسی لسٹ میں نہیں ،عدل وانصاف پرمبنی اسلامی وفلاحی معاشرے اورنظام مصطفی ﷺ کاقیام ہماری منزل ہے ۔