انتخابات بدعنوان ٹولے سے نجات کا ذریعہ بنیں گے، میاں مقصود

89

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک وقوم شدید بحرانوں کی زد میں ہیں اور اس سے نجات کا واحد راستہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام چوروں، لٹیروں اور نیا لبادہ اوڑھ کر آنے والوں کو مسترد کردیں گے۔ ملک و قوم کو جرأتمند، پڑھی لکھی اور محبت وطن قیادت ہی آگے لے جاسکتی ہے جوکہ صرف اور صرف ایم ایم اے کے پاس ہے۔ آئندہ انتخابات کرپٹ اور بدعنوان ٹولے سے نجات کا ذریعہ بنیں گے۔ ایم ایم اے نے پنجاب سمیت پورے ملک میں اپنے امیدوار میدان میں اتار دیے ہیں۔ عوام ایم ایم اے کو ووٹ دے کر ملک و ملت سے محبت کا ثبوت دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں مسلم لیگ (ن) نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ سرمایہ دار پاکستان آنے کے بجائے بنگلا دیش، چین، بھارت، ملائیشیا اور دیگر ممالک کا رخ کررہے ہیں۔ پی آئی اے، ریلوے اور اسٹیل مل سمیت تمام سرکاری اداروں میں من پسند افراد کو بھرتی کرکے قومی خزانے کو کروڑں، اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور دیگر مسائل میں اضافے نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایم ایم اے اقتدار میں آکر لوگوں کے مسائل حل کرے گی۔ وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں تمام تر وابستگیوں سے بالا تر ہو کر پاکستان کے بہتر مستقبل کے بارے میں نہ سوچا تو یہی لوگ دوبارہ اقتدار پر قابض ہوجائیں گے۔ ایم ایم اے برسر اقتدار آکر قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائے گی اور تمام رقم عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔ عوام متحدہ مجلس عمل کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں اور آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کو موقع فراہم کریں تاکہ ملکی مشکلات سے نجات حاصل کی جائے اور پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنایا جائے۔