منبرومحراب اتحاد امت اورمسائل کے حل کی علامت ہیں،شمس الرحمن سواتی

135

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ منبرومحراب اتحاد امت اورمسائل کے حل کی علامت ہیں ،ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پرشیعہ ،سنی ، دیوبندی ،بریلوی سب جمع ہیں اور دینی قوتیں متحد ہیں ۔ مسلمانوں کو مسالک کی بنیاد تقسیم کرنے کی سازشیں ماضی میں بھی ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی اور ملک پاکستان اسلام کا قلعہ ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی پی پی19کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم ایم اے کے نامز دامیدواراین اے 63وپی پی20محمدوقاص خان ،امیر زون خواجہ وقار خان اورعتیق کاشمیری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ہردورمیں پاکستان کو اس کے نظریے سے دور کرنے کی سازش کی گئی اور حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کیا ۔ رشوت ، کرپشن اور اقربا پروری عام کیا گیا اور عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم کردیا گیا ۔ مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلائے گی ۔ کرپٹ حکمرانوں سے قومی دولت وصول کرے گی اور ان کا کڑا احتسا ب کرکے ملک میں کرپشن سے پاک نظام لائے گی ۔ دینی جماعتوں کے کارکنان آپس میں متحدہو کر ایم ایم اے کے تمام امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھرپورحصہ لیں اورعوامی رابطہ مہم کوتیزترکریں، ان شاء اللہ عوام 25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنائیں گے۔