امیدواروں کی جانب سے پیسے کابے دریغ استعمال، ،الیکشن کمیشن نوٹس لے، میاں مقصود

98

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے25جولائی2018کے انتخابات کاآزادانہ اورمنصفانہ انعقاد لازم و ملزوم ہے۔الیکشن کی شفافیت کے حوالے سے تمام شکوک وشبہات کو دورکرناالیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے۔اگر انتخابات میں دھاندلی کاالزام لگاتو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان لگ جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل قومی جذبات کی حقیقی ترجمان ہے۔ہماری باکردار قیادت ملک وقوم کوکھویاہوامقام دوبارہ دلاسکتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام سیکولر اور لبرلز کو مستردکرتے ہوئے دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کو ملک کا اقتدار سونپیں،ہم ان شاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔پی ٹی آئی بھی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔ الیکٹیبلز کے نام پر چور، لٹیروں، ڈاکوؤں، جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو ٹکٹ جاری کرکے تبدیلی کے نعرے کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے پاس تبدیلی کا ایک نادر موقع ہے۔ عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کیسے حکمران چاہتے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ معاشی پالیسیوں اور عوام کو ریلیف کے نام پر محض طفل تسلیاں دی جاتی رہی ہیں۔ اقربا پروری اور خلاف میرٹ افراد کی تعیناتیاں کرکے قومی اداروں کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ تمام فریقوں کو انتخاب لڑنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر کسی فریق کے تحفظات ہیں تو ان کو فی الفور دور کیا جانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر پابندی کروائے۔ مختلف شہروں کے مختلف بازاروں میں دیوہیکل قسم کے پینا فلیکس نظر آتے ہیں۔ پیسے کا استعمال پانی کی طرح کیا جارہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ الیکشن کمیشن اپنی رٹ منوانے کے لیے اقدامات کرے۔