کرپٹ نظام بوسیدہ ہوچکا ، اسے زمین بو س ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا

107

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام بوسیدہ ہوچکا اب اسے زمین بو س ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ، ہمارامقابلہ تحریک انصاف ،ن لیگ اور پی پی میں موجود کرپٹ اشرافیہ سے ہے ہم نے کرپٹ جاگیردارو ں اورظالم سرمایہ دارو ں کے مقابلے میں باکرداراورشفاف قیادت قوم کے سامنے پیش کی ہے جس کے دامن پرکرپشن اوربدعنوانی کا کوئی داغ ہے نہ ان کے نام کسی پاناما اوروکی لیکس میں ہیں۔ کینٹ میں ایم ایم اے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر سوار لینڈ ،ڈرگ اور شوگر مافیا نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھاہے ۔ عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ملک دولت کے انبار لگارکھے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج اگر ملک میں تعلیم ، علاج اور روزگار کی سہولتیں اور 80فیصد شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے تو اس کے مجرم وہ لوگ ہیں جو پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوتے رہے ۔ آج ایک بار پھر وہی لوگ نئے دعووں اور وعدوں کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں ، مگر عوام اب باشعور ہو گئے ہیں اس لیے جگہ جگہ امیدواروں کو لوگوں کے سخت سوالوں اور ردعمل کا سامناہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے اگر اسی جوش و جذبے اور جرأت کامظاہرہ الیکشن والے دن بھی کیا اور چور وں لٹیروں کے بجائے دیانتدار لوگوں کو منتخب کیا تو ملک و قوم کے لیے وہ حقیقی آزادی کا دن ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنی غیرت اور ضمیر کا سودا کیا اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دشمن کے حوالے کردیا ۔ ہم قوم کی بیٹی کو آزاد کرائیں گے ۔ ہماری حکومتوں نے انڈیا کے ساتھ یاری اور وفاداری کی مگر کشمیر کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ حکمران محفوظ اور عوام غیر محفوظ ہیں ۔