پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ،نگراں حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ،میاں مقصود

152

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔نگراں حکومت نے صرف ایک ماہ میں ہی دومرتبہ پیٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کے نرخوں کوبڑھاکر ثابت کردیا ہے کہ اسے بھی عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔نگراں حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفورواپس لے ورنہ عوام شدیداحتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ڈیزل پر44اورپیٹرول پر32روپے ٹیکس وصول کررہی ہے جس سے سالانہ 850 ارب روپے سے زائد عوام کی جیبوں سے لوٹے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چند دن پہلے چیف جسٹس نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے اور ٹیکسز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران 10دن میں قیمتوں میں کمی کافارمولالانے کاحکم صادر کیا تھا مگر بدقسمتی سے حکومت اور متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ قیمتوں میں کمی کافارمولا عدالت عالیہ میں پیش کرنے کے بجائے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کردیاگیا ہے جو کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کامذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت ’’مردے پر سودرے‘‘ کے مصداق اقدامات کررہی ہے۔مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پہلے ہی بدحال ہیں انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔رہی سہی کسرنگراں حکومت کی غریب کش ظالمانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہورہے ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کو عوام نے اقتدار دیا تو ہوشرباٹیکسزکابوجھ غریب عوام پر سے کم کرکے نئے افراد کو ٹیکس نیٹ ورک میں شامل کریں گے ۔اربوں کھربوں روپے کے اثاثہ جات رکھنے والے سیاستدان صرف چند ہزار روپے ٹیکس جمع کرواتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ پاکستان سے دولت کماکر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک اثاثے منتقل کرنے والے دیارغیر میں توٹیکس اداکرتے ہیں مگروہ ملک میں ٹیکس اداکرنے کوتیار نہیں۔جب تک ان لٹیروں اورٹیکس چوروں سے قوم کاایک ایک روپیہ وصول نہیں کرلیا جاتا نہ توصورتحال میں بہتری آسکتی ہے اور نہ ہی ملک وقوم خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ۔