کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی واٹر ایڈ سیوریج بورڈ حکام نے پانی کی تقسیم کا نظام بہتر بنانے کے لیے جونیئر اور کم گریڈ کے انجینئر کو او پی ایس کی بنیاد پر اہم ذمے داری دے دی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے ڈائریکٹر پرسنل نے” آفس آرڈر ” جاری کیا ہے جس کے مطابق الیکٹریکل اینڈ میکینکل کے اے ای ای مظہر حسین کو فوری طور بحیثیت ایگزیکٹیو انجینئر شہر کے تمام اضلاع کے پمپنگ اسٹیشنوں کا انچارج بنادیا گیا ہے اور انہیں پمپنگ کے نظام بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں کے لیے ” ڈسٹرکٹس ایگزیکٹو انجینئر ” کی اسامی فی الحال بجٹ بک میں موجود نہیں ہے جبکہ ایگزیکٹیو انجینئر گریڈ 18 کا افسر ہوتا ہے اس کی جگہ گریڈ 17 کے انجینئر کی تقرری خلاف ضابطہ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے ۔
گریڈ 17 کے افسر کو گریڈ 18 کے انجینئر کی ذمے داری تفویض کیے جانے سے سینئر افسران و انجینئرز میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے پرسنل افسر کے اس حکم سے فراہمی آب کا نظام مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔ اس ضمن میں واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ جونیئر انجینئر کی اعلٰی اسامی پر تقرری مجبورا کی گئی ہے۔