لینڈ، ڈرگ اور شوگر مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، مشتاق خان

104

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی چوروں اور ڈاکوؤں کے احتساب کا دن ہے۔ اب کرپٹ نظام زمین بوس ہوکر رہے گا۔ کرپٹ قیادت نے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و وقار کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ملک میں کسی کی بھی حکومت ہو یہی اشرافیہ عوام کی گردنوں پر سوار رہتی ہے۔ کرپٹ اور ظالم اشرافیہ دشمن کے ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے۔ جب تک ملک کو اس کے بنیادی مقصد سے دور رکھا جائے گا، خرابیاں بڑھتی رہیں گی۔ متحدہ مجلس عمل کے منشور کا پہلا نقطہ ہی ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ ہے۔ پاکستان کے بعد آزاد ہونے والے چین اور ملائیشیا جیسے ملک معاشی ترقی کے آسمان کو چھو رہے ہیں۔ لیکن پاکستان کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہر میدان میں پیچھے رہ گیا۔ باصلاحیت قوم اور وسائل سے مالا مال ملک پر نااہل اور کرپٹ قیادت مسلط ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی انتخابی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیرا ڈاکٹر محمد اقبال، نور الحق، بختیار معانی، شبیر احمد خان، صدر جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا عبدالغفار، اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم شاہکار عزیز، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حمد اللہ جان ودیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر سوار لینڈ، ڈرگ اور شوگر مافیا نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ملک دولت کے انبار لگا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وجود کا بنیادی مقصد ہی یہ تھا کہ یہاں اسلام نظام نافذ کیا جائے مگر بدقسمتی سے یہاں اسلامی نظام کا راستہ روکنے کی اور پاکستان کو سیکولر و لبرل بنانے کی کوشش کی گئی مگر دینی قوتوں نے اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے، مجلس عمل اقتدار میں آکر ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔