واپڈا میں 210 ارب روپے کی بد عنوانی کا انکشاف تشویشناک ہے، میاں مقصود

106

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مالی سال 2017-18ء کے دوران واپڈا میں 210 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف تشویش ناک اور لمحہ فکر ہے۔ ریکوریوں، اضافی ادائیگیوں، خزانے کے غلط استعمال سے 76 ارب اور اندرونی نظام میں کمزوریوں سے 2.77 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کارستانیاں تمام اداروں میں سنائی دیتی ہیں۔کمیشن مافیانے ملک کا امیج بری طرح خراب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔منافع بخش ادارے خسارے میں چل رہے ہیں۔نااہل، کرپٹ اور بدعنوان افراد نے تمام حدود کو پار کرلیا ہے۔جب تک ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی اور بڑے مگرمچھوں کو پابند سلاسل نہیں کیاجائے گا، ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوسکتی۔مسلم لیگ(ن)اورپیپلزارٹی نے عوام کواپنی بدترین کارکردگی سے شدید مایوس کردیا ہے۔ مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی اور خودکشیوں تک پہنچ گئی ہے۔عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام2018ء کے انتخابات میں دوپارٹی نظام سے نجات حاصل کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل کی باکردار اور محب وطن قیادت کاانتخاب کریں۔ہم برسراقتدار آکر مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور مزدوروں، کاشتکاروں اور غریب طبقہ کا معیار زندگی بہتر بنائیں گے۔ عوام نے 70 برس چوروں، لٹیروں، ڈاکوؤں، بھتا خوروں، جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو برداشت کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔