کراچی واٹربورڈ: جونیئر انجینئر شہر کے پمپنگ اسٹیشنز کا انچارج تعینات

168

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ حکام نے پانی کی تقسیم کا نظام بہتر بنانے کے لیے جونیئر اور کم گریڈ کے انجینئر کو او پی ایس کی بنیاد پر اہم ذمے داری دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے ڈائریکٹر پرسنل نے ’’آفس آرڈر‘‘ جاری کیا ہے جس کے مطابق الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کے اے ای ای مظہر حسین کو فوری طور بحیثیت ایگزیکٹیو انجینئر شہر کے تمام اضلاع کے پمپنگ اسٹیشنوں کا انچارج بنادیا گیا ہے اور انہیں پمپنگ کا نظام بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گریڈ 17 کے افسر کو گریڈ 18 کے انجینئر کی ذمے داری تفویض کیے جانے سے سینئر افسران و انجینئرز میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے پرسنل افسر کے اس حکم سے فراہمی آب کا نظام مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اس ضمن میں واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ جونیئر انجینئر کی اعلٰیٰ اسامی پر تقرر مجبوراً کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں کے لیے ’’ڈسٹرکٹس ایگزیکٹو انجینئر‘‘ کی اسامی فی الحال بجٹ بک میں موجود نہیں ہے جبکہ ایگزیکٹیو انجینئر گریڈ 18 کا افسر ہوتا ہے اس کی جگہ گریڈ 17 کے انجینئر کا تقرر خلاف ضابطہ اور عدالت عظمیٰ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔