نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،میاں مقصود

142

راولپنڈی ( وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب اور صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ ایم ایم اے الیکشن 2018ء میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوشحال ملک بنائیں گے۔14 جولائی کو لیاقت باغ میں ایم ایم اے کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید مودودی ؒ بلڈنگ میں متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی کے ایک اجلاس میں خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس اجلاس میں ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کے صدر شمس الرحمن سواتی ٗ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ضیا الرحمن ٗامیر جمعیت علما اسلام (ف) مولانا تاج محمد خان ٗمولانا عبد الغفار توحیدی ٗاسلامی تحریک کے علامہ نصیر موسوی ٗ جمعیت علماء پاکستان کے صدر حافظ محمد حسین ٗ طارق منیر بٹ ٗامیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗنائب امیر سید عذیر حامد ٗ محمد حنیف چودھری اور دوسرے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ایم ایم اے کے امیدواروں کی الیکشن مہم اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 جولائی کو آرٹس کونسل اور 6 جولائی کو اڈیالہ روڈ پر علما کنونشنز منعقد کیے جائیں گے۔ جبکہ 8 جولائی کو این اے 61 کا ورکرز کنونشن ہوگا۔

شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ایک مشکل مرحلہ تھا ٗجو کہ تمام جماعتوں کے ذمے داران کے تعاون ٗرواداری اور محبت و اخوت کے جذبے سے خوش اسلوبی سے طے کیا گیا ہے۔ الحمد للہ ! عوام کی طرف سے بہت اچھا رسپانس ملا ہے۔

علامہ نصیر موسوی نے کہا کہ کتاب کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔

عبدالغفار توحیدی نے توجہ دلائی کہ نچلی سطح پر اور گلی محلے میں تمام جماعتوں کے رہنما مل کر لوگوں کے پاس جائیں ۔ ایم ایم اے کے منشور اور پروگرام کو ہر گھر تک پہنچائیں گے۔

طارق منیر بٹ نے کہا دوسرے امیدواروں کے پاس وسائل ہیں۔ ہمارے پاس مخلص ورکرز ہیں۔

حافظ محمد حسین نے کہا کہ اپنا پیغام عام آدمی تک پہنچانا ہے۔

مولانا تاج محمد خان نے کہا کہ ایم ایم اے ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی۔

سید عارف شیرازی نے کہا کہ راولپنڈی ضلع کی ایم ایم اے میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ مثالی اتحا د ہے۔