بلدیاتی نمائندوں کی انتخابی مہم میں شرکت کا نوٹس لیا جائے، سردار ظفر

138

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے بعض جماعتوں کے امیدواروں کی طرف سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کی جانب سے عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بلدیاتی نمائندوں کی انتخابی مہم میں شرکت اور امیدواروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیں۔ ملک میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کروانا ازحد ضروری ہے تاکہ شفاف قیادت میسر آسکے۔ الیکشن کسی بھی طور پر متنازع نہیں ہونے چاہییں بصورت دیگر دھاندلی کی شکایات جمہوری تسلسل کی راہ میں رکاوٹ حائل کرسکتی ہیں، آزاد اور منصفانہ انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ غیر سیاسی قوتوں کو ملک وقوم کے مفاد میں اپنے دائرہ کار میں رہ کر متعین ذمے داریوں کو سرانجام دینا چاہیے۔ 2018ء کے انتخابات ملک میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں اور کرپٹ اشرافیہ کا راستہ روکا جائے۔ 70 برسوں سے ملک وقوم ان بے رحم عناصر کے رحم وکرم پر ہیں۔ قوم کے پاس اپنی تقدیر بدلنے کا ایک نادر موقع ہے، وہ حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرکے اپنے مستقبل کو محفوظ بناسکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت برسر اقتدار طبقے نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔