کرپٹ اشرافیہ اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے، رائے اکرم کھرل

92

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار پی پی 115 رائے اکرم خاں کھرل نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگ اور جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے، ملک کے غریب عوام کی کمائی لوٹنے والے اسمبلیوں میں نہیں بلکہ جیلوں میں جائیں گے۔ نواز شریف نے جو بویا وہ کاٹ رہے ہیں، پاکستان کرپشن کی وجہ سے بھارت اور بنگلا دیش سے پیچھے رہ گیا، عدالتی فیصلہ نئے پاکستان کی شروعات ہے۔ 25 جولائی کا سورج اسلامی انقلاب کی نوید کے ساتھ طلوع ہوگا۔ عوام ملکی ترقی و خوشحالی اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایم ایم اے کے ایماندار امیدواروں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں اور کرپٹ نظام کی وجہ سے عوام غربت، بے روزگاری اور بھوک وافلاس کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں۔ غریب عوام آئے دن بجلی، پیٹرول، گیس سمیت دیگر اشیا خورونوش کے نرخوں میں بے تحا شہ اضافوں کی وجہ سے تنگ آچکے ہیں اور ان کی زندگیاں اجیرن بنتی جارہی ہیں جبکہ حکمران اور ریاستی ادارے عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہے۔