ختم نبوت کے دشمن بے نقاب ہوگئے ،تحریک انصاف اورن لیگ قومی مجرم ہے

140

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)صدرمتحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ ختم نبوت کے دشمن بے نقاب ہوگئے، تحریک انصاف اورن لیگ قومی مجرم ہے، الیکشن کے دن قوم کوفیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی ،نظریاتی ریاست اسلام کے نام پروجودمیں آئی ،اسے سیکولر،بے دین بنانے اورختم نبوت وناموس رسالت ﷺکے قوانین پرحملہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم ایم اے کی جنرل کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسینئرنائب صدرطارق منیربٹ ،نائب صدورمولانا تاج محمدخان،علامہ نصیرحسین موسوی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹرضیا الرحمن ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامداورامیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی سمیت دیگرقائدین نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں 14جولائی کو6بجے لیاقت باغ میں منعقدہونے والے جلسہ عام کیلیے مؤثرپلاننگ کرتے ہوئے تمام اتحادی جماعتوں کوحاضری کے حوالے سے اہداف دیے گئے۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ایم ایم اے کا مقابلہ ختم نبوت کے دشمنوں سے ہے، اسلامی نظریے کی بالادستی اورنظام مصطفیﷺکا قیام ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کارکنان یونین کونسل اورگلی محلے کی سطح تک ضلع بھرکے عوام کو لیاقت باغ جلسہ عام کی دعوت دیں اورانھیں شریک کروائیں۔