نگراں حکومت راجا ظفر الحق کی رپورٹ کا منظر عام پر لائے، میاں مقصود

105

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ ہمارے ایمان کا حصہ اور دین اسلام کی اساس ہے۔ اسلام اورپاکستانی آئین مذہبی آزادیوں، اقلیتوں کے تمام بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے تاہم ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ اپنی شناخت درست اور صحیح کوائف کے ساتھ جمع کروائے۔ نگراں حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے راجا ظفر الحق کی رپورٹ کوفوری منظر عام پر لائے تا کہ اصل حقائق سے قوم آگاہ ہوسکے۔ یہ بات اب اظہر من الشمس ہے کہ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم کی سازش میں برابر کی شریک ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کے اس خالصتاً مسئلہ پر غیر ملکی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کے حساس اور نازک مسئلے پر اسلامیان پاکستان کے تمام تر اعتقادی رشتوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے قوم کے جذبات کو مجروح کرنا لمحہ فکر ہے۔ ممتاز قادری کی شہادت سے لیکر ختم نبوت ؐکے قانون میں ترمیم کی سازش تک نواز شریف مکافات عمل کا شکار نظر آتے ہیں جبکہ عمران خان اور آصف علی زرداری کا مستقبل بھی نوشتہ دیوار ہے۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ میرا ان تینوں لیڈروں کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ اللہ اور عوام سے رجوع کریں۔ توبہ کا دروازہ ہر ایک کے لیے کھلا ہے۔ تینوں رہنما اپنی ذاتی پوزیشن بھی واضح کریں، آئندہ ختم نبوتؐ اور توہین رسالتؐ کے لبادہ میں اسلام کی روشنی میں اپنے عقیدے کا از سر نو اعلان کریں تاکہ لوگوں کے ان کے بارے میں شکوک و شہبات دور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔ حضرت محمدؐﷺختم المرسلین ہیں اور ان کے بعد کوئی شخص جو نبوت کا دعویٰ کرے وہ جھوٹا، خائن اور دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔