بلوچستان کے وسائل کی جنگ صرف جے یو آئی ہی لڑ سکتی ہے، حافظ حسین

131

کوئٹہ (اے پی پی) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات، متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ این اے 266 سے نامزد امیدوار حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں بسنے والے تمام اقوام اور قبائل کے حقوق و نمائندگی اور صوبے کے ساحل اور وسائل کے اختیار کی آئینی و پارلیمانی جنگ صرف جمعیت علمائے اسلام ہی لڑسکتی ہے جو متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے عوام کے سامنے ہے۔ وہ اتوار کو اپنی انتخابی مہم میں ہنہ اوڑک میں جلسے، انتخابی دفتر کے افتتاح، سرہ غڑگی، مسلم اتحاد
کالونی اور مشرقی بائی پاس میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ نااہل اور مفاد پرست حکمرانوں نے سی پیک کے منصوبے کو ’’جوکہ بلوچستان گواردر کی مرہون منت ہے‘‘ چائنا سے فراہم کردہ فنڈز کو لاہور کی تزئین و آرائش، میڑو، اورنج ٹرین پر لگایا لیکن آج وہ اپنی کرپشن کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے ساحل اور وسائل صرف صوبے کے عوام پر خرچ ہوں گے۔ ان اجتماعات سے پی بی 32 کے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری، پی بی 30 کے امیدوار مولانا حکیم محمد عیسیٰ اور پی بی 31 کے نامزد امیدوار میر اسحاق ذاکر شاہوانی، ہنہ کے امیر اسحاق عبداللہ، اوڑک کے امیر مولوی عبدالرزاق، مفتی نظام الدین، مفتی امین اللہ، حاجی وزیر بڑیچ، مشرقی بائی پاس یونٹ کے مفتی جمیل احمد، میر شبیر کرد، حاجی قاسم لانگو، میرا جان کاکڑ، حافظ دوست محمد، مولوی رحمت اللہ، قاری طیب، حاجی غلام محمد، امین جان، خادم صدیق اللہ، محمد ابراہیم، حافظ منیر احمد ایڈووکیٹ اور حافظ زبیر احمد نے بھی خطاب کیا۔