فیض آباد فلیٹس میں بدکاری کے اڈے کو بند کیا جائے، سردار ظفر خان

182

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے تھانہ غلام محمد آباد کی حدود میں واقع فیض آباد فلیٹس میں پولیس کی سرپرستی میں چلنے والے بدکاری کے اڈے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے تھانہ غلام محمد آباد کے عملے کو اس اڈے کے بارے میں بارہا درخواستیں دی ہیں مگر پولیس نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اگر کسی کی گرفتاری بھی ڈال دی جاتی ہے تو کیس میں ایسی دفعات لگائی جاتی ہیں کہ اگلے ہی دن ملزمان کی ضمانت ہوجاتی ہے جو پھر دوبارہ دھندا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل بے راہ روی اور اخلاقی پستیوں کا شکار ہورہی ہے۔ چند ٹکوں کی خاطر معاشرے اور انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں، جن کی سرکوبی کرنے کی ضرورت ہے۔ منظم سازش کے تحت وطن عزیز میں فحاشی اور بے حیائی کے یہودی ایجنڈے کو فروغ دے کر نوجوان نسل میں بے راہ روی پھیلا کر اسے گمراہی کے راستے پر گامزن کیا جارہا ہے۔ بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک بڑا آپریشن کرکے ان اڈوں کو ختم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور محکمے میں چھپی ہوئی ان کالی بھیڑوں کی بھی سرکوبی کی جائے جو ان اڈوں کی سرپرستی کررہے ہیں ورنہ جماعت اسلامی کے کارکن بزور بازو ان اڈوں کو ختم کرائیں گے اور امن و امان کی تمام تر ذمے داری انتظامیہ پر ہوگی۔