ایم ایم اے کے زیر اہتمام 14 جولائی کو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ ہوگا

101

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام 14 جولائی کو لیاقت باغ راولپنڈی کے تاریخی میدان میں جلسہ عام ہوگا۔ جس سے ایم ایم اے کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ جلسہ کی تیاریاں بھر پور انداز میں شروع کر دی گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹیریٹ سید مودودیؒ بلڈنگ میں لیاقت باغ کے جلسہ عام کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں 14 جولائی کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ جلد ہی انتظامی کمیٹیوں کے ممبران لیاقت باغ کا دورہ کر کے موقع پر انتظامات اور ضروریات کا جائزہ لیں گے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ عوام دوسری جماعتوں کو بار بار آزما چکے ہیں ۔ اب ان کی نظریں متحدہ مجلس عمل کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔ عوام نے 2018 کے انتخابات میں ایم ایم اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا تو متحدہ مجلس عمل عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سب سے بہترین اور انقلابی منشورمتحدہ مجلس عمل نے پیش کیا ہے۔اسلام کا عادلانہ اورمنصفانہ نظام ہی ہمارے مسائل کو حل کر سکتا ہے۔سیدعارف شیرازی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل نے اہل اور دیانتدار نمائندے پیش کئے ہیں ۔عوام 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگا کر اسلامی نظام کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں۔ ان شا اللہ ! 14 جولائی کا ایم ایم اے کا جلسہ عام راولپنڈی کی سیاسی اور انتخابی فضا کو بدل کر رکھ دے گا۔