عدالت کا منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کا طلب کرنا خوش آئندہ ہے، میاں مقصود

72

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 12 جولائی کو طلب کرنا خوش آئند ہے۔ قومی دولت کو لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اقربا پروری اور کرپشن نے اداروں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ چور، لٹیرے، رشوت خور اور کرپٹ افراد قانونی سقم اور ناقص تحقیقات سے فائدہ اٹھا کر آزاد دندناتے پھرتے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئے روز کرپشن کا بڑے سے بڑا اسکینڈل سامنے آرہا ہے۔ لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقے اختیار کرنے پڑتے ہیں۔ رشوت خوری اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔ ملک میں اس وقت روزانہ 12 ارب روپے اور سالانہ 4320 ارب روپے کی کرپشن ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔ جب تک کرپٹ حکمران ہم پر مسلط ہیں، ملک وقوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔ ایک طرف عوام کو بے روزگاری، لاقانونیت، انتشار، دہشت گردی، کرپشن، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے تو دوسری طرف کرپشن اور کرپٹ افراد نے ملک کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ کرپٹ افراد کے مکمل خاتمے تک احتساب کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پرکرپٹ حکمران مسلط ہیں۔ مٹھی بھر اشرافیہ ملک کے سیاہ وسفید کی مالک بنی بیٹھی ہے۔ 22 کروڑ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل سے مالامال ملک بنایا ہے مگر بدقسمتی سے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہم ان وسائل سے بھرپور انداز میں استفادہ نہیں کرپائے اور المیہ یہ ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں ان سے لاکھوں، کروڑوں ڈالر سالانہ کما کر بیرون ملک منافع لے جارہی ہیں۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ عوام ہم پر اعتماد کا اظہار کریں اور 2018ء کے الیکشن میں بھر پور انداز میں کامیاب کرائیں۔