امریکا اور برطانیہ کے غلام اب اسلام کا راستہ نہیں روک سکتے

101

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 25جولائی کرپٹ مافیا کی موت اور نظریہ پاکستان کے علمبرداروں کے لیے خوشی کا د ن ہوگا ۔امریکا اور برطانیہ کے غلام اب اسلام کا راستہ نہیں روک سکتے ۔یم ایم اے واحد جماعت ہے جس کے تمام امیدواران دفعہ باسٹھ تریسٹھ پر پورا اترتے ہیں، نظریہ پاکستان کا تحفظ اور کرپشن کا خاتمہ ایم ایم اے کی سیاست کا اصل مقصد ہے ۔ ملک کو 70سال تک اپنی منزل سے ڈی ریل کیا گیا ۔ چہرے بدل بدل کر عوام کو لوٹنے والوں کا دور گزر چکا ہے، کوئی طاقت بھی ان کو بچا نہیں سکے گی۔ ایم ایم اے 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسف آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیدوار پی پی 115رائے اکرم کھرل،زونل امیر جماعت اسلامی سیلم گجر، اجمل حسین بدر، بلال انور،رانا اصغر علی،آصٖ عطا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سردار ظفر نے کہا کہ قومی دولت لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کرنے والے قومی مجرم ہیں انہیں اقتدار کے ایوانوں میں نہیں جیلوں میں ہونا چاہیے اور وہ وقت دور نہیں جب متحدہ مجلس عمل ان لٹیروں سے قوم کی ایک ایک پائی وصول کر کے اسے عام آدمی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ،چوروں ، رسہ گیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوا م کو متحد ہو کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا ۔د عوام اب چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیاز کے فریب میں نہ آئیں اور متحد ہو کر اسلامی قیادت کا ساتھ دیں کیونکہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے ، لوگوں کے حقوق غصب کرنے ، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے اپنے ادوارمیں عوامی مسائل کے حل کے بجائے اپنی دولت میں ہی اضافہ کیا ہے۔عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ دنیا میں ظلم اورجبر کے نظام کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، عوام جابر حکمرانوں کے خلاف عوام بغاوت کررہے ہیں، دنیا بھرمیں تبدیلی کی لہریں اٹھ رہی ہیں ۔