سیاسی جماعتوں کے امیدوارانتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑارہے ہیں،میاں مقصود

150

لاہور(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔مرکزی شاہراہوں اور بڑی بلڈنگزپر دیوقامت ہورڈنگ بورڈ نظرآتے ہیں۔ووٹرزکی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی میڈیا میں آرہی ہیں کہ انتخابی امیدوار ووٹ خریدنے کے جرم میں ملوث ہیں۔الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کافوری نوٹس لے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صاف،شفاف انتخابات کاانعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمے داری ہے۔اس کی راہ میں رخنہ ڈالنے والے مرضی کے نتائج حاصل کرناچاہتے ہیں۔ 2018ء کے انتخابات اہمیت کے حامل ہیں۔قوم کو پاکستان کی پائیدار ترقی وخوشحالی کے لیے ایسی قیادت کو منتخب کرنا ہوگا جو حقیقی معنوں میں محب وطن،بے داغ اور باکردار ہو۔متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو صاف،ستھری اور کرپشن سے پاک قیادت فراہم کرسکتی ہے،عوام ہم پراعتماد کا اظہار کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)،پیپلزپارٹی اور دیگر برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے70برسوں سے ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔عوام مسائل کے گرداب میں گھرے ہوئے ہیں۔لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔ مہنگائی،بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی سمیت ان گنت مشکلات نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے عوام میں پذیرائی حاصل کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام دینی جماعتیں اپنے پروگرام کو عوام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ترکی کی طرح پاکستان میں بھی اسلام پسند افراد کامیاب ہوکر برسراقتدار آئیں گے اور ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ 25جولائی2018ء کو عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کرکرنا ہوگا۔اب ملک وقوم کی تقدیرکے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔