پشاور:اے این پی کے اجتماع میں دھماکا،15افراد جاں بحق

742
پشاور: دھماکے میں جاں بحق اے این پی امیدوار ہارون بلور کی میت اسپتال میں رکھی ہے
پشاور: دھماکے میں جاں بحق اے این پی امیدوار ہارون بلور کی میت اسپتال میں رکھی ہے

پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق اور50سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اے این پی کے مقتول رہنما بشیر بلور کے بیٹے اورکے پی 78سے پارٹی امیدوار بیرسٹر بارون بلور بھی شامل ہیں۔ بلور خاندان نے ہارون بلور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔پولیس کے مطابق واقعہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں پیش آیا۔دھماکے میں 8کلوٹی این ٹی مواد استعمال کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق
یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہارون بلور کے پہنچے پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا اس دوران حملہ آور نے ہارون بلور کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ بتایا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور پہلے ہی سے کارنرمیٹنگ میں موجود تھا۔ خیال رہے کہ بشیر بلور بھی22 دسمبر 2012 ء کو انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک ‘ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ‘ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالدمقبول صدیقی اور پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے حملے کو سیکورٹی اداروں کی کمزوری قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام امیدواروں کو یکساں سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔