پاک فوج نے جھیل سیف الملوک کے اطراف صفائی کا کام شروع کردیا

123

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) پاک فوج کے انجینئرنگ شعبہ کے ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیواو) نے جھیل سیف الملوک کے اردگرد صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔ ایف ڈبلیو او کے اہلکار رضا کارانہ طور معروف سیاحتی مقام کے اردگرد موجود گندگی کو ٹھکانے لگا رہے ہیں۔ جھیل سیف الملوک کے گردونواح میں صفائی آپریشن 22 جولائی کو ختم ہوگا۔ ایف ڈبلیو او پاک فوج کا انجینئرنگ سے متعلق ادارہ ہے جسے پاکستانی مسلح افواج کی سب سے بڑی سائنس و ٹیکنالوجی کمانڈ ہونے کا اعزاز
بھی حاصل ہے۔ پاکستان کے معروف سیاحتی مقامات میں سے ایک کاغان ویلی میں واقع جھیل سیف الملوک سطح سمندر سے 3 ہزار 224 میٹر بلند ہے۔ 50 فٹ کی گہرائی رکھنے والی جھیل کا رقبہ 2 اعشاریہ 75 کلومیٹر ہے۔ دریائے کنہار پر واقع جھیل یوں تو سال بھر سیاحوں کے لیے دلکش مقامات میں سے ایک گنی جاتی ہے تاہم موسم گرما میں اسے خصوصی توجہ حاصل رہتی ہے۔