سیکولرطبقات کا سورج غروب ہونے والاہے،شمس الرحمن سواتی 

98

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)صدرمتحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ14جولائی کولیاقت باغ میں ایم ایم اے کا عوامی جلسہ عام راولپنڈی کی سیاست میں نیا موڑثابت ہوگا ،مستقبل ایم ایم اے اوراسلام پسندوں کا ہے ،سیکولرطبقات کا سورج ہمیشہ کیلیے غروب ہونے والاہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم ایم اے کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرسینئرنائب صدرطارق منیربٹ ،نائب صدورمولانا تاج محمدخان،علامہ نصیرحسین موسوی،مولانا محمد حسین ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرضیا الرحمن ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سیدعزیرحامداور امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی سمیت دیگرقائدین نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں جلسہ عا م کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ایم ایم اے کے نامزدامیدواران کی انتخابی مہم کاجائزہ بھی لیاگیا۔ جبکہ ضلعی نائب صدرمولانا محمد حسین کے کزن کی وفات پردعائے مغفرت بھی کی گئی۔ ایم ایم اے کے ضلعی صدرنے تمام امیدواران کوہدایت کی کہ وہ اپنی مہم کوتیزترکریں اورجلسہ عام میں بھی عوام کوبڑی تعدادمیں شریک کروائیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ خیر او ر شر ، حیا اور بے حیائی کے درمیان معرکہ اور منبر و محراب اور سیکولر فساد کے درمیان لڑائی ہے۔ہمیں الیکشن کمیشن سے توقع تھی کہ وہ غیر جانبدار رہتے ہوئے صاف اور شفاف الیکشن کروائے گا ، لیکن اب تک الیکشن کمیشن ان توقعات پر پورا نہیں اترا اور انہی وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہے ۔ الیکشن کمیشن کو ایک ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے ،میڈیا بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخصوص جماعتوں کی پروجیکشن کررہا ہے جوپری پول دھاندلی ہے لیکن اس پر بھی الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کاکرداراداکررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو اپنے ووٹ کی قوت سے اس جنگ میں حق کا ساتھ دینا ہوگا۔ 25 جولائی کو قوم نے فیصلہ کرناہے کہ وہ محمد ؐ کے غلاموں کے ساتھ ہے یا سیکولر اور لبرل ازم کے پیروکاروں کے ساتھ ۔ قوم کوایک بار پھر حسینؓ کے پیروکاروں اور یزید کے وفاداروں کے درمیان معرکے میں حق کا ساتھ دینا ہوگا۔