قوم کو ملکی ترقی کے لیے باکردار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا

89

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑارہے ہیں ووٹرزکی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔ایسی اطلاعات بھی میڈیا میں آرہی ہیں کہ انتخابی امیدوار ووٹ خریدنے کے جرم میں ملوث ہیں۔الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کافوری نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صاف،شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمے داری ہے۔اس کے راہ میں رخنے ڈالنے والے مرضی کے نتائج حاصل کرناچاہتے ہیں۔2018ء کے انتخابات اہمیت کے حامل ہیں۔قوم کو پاکستان کی پائیدار ترقی وخوشحالی کے لیے ایسی قیادت کو منتخب کرنا ہوگا جو حقیقی معنوں میں محب وطن،بے داغ اور باکردار ہو۔متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو صاف،ستھری اور کرپشن سے پاک قیادت فراہم کرسکتی ہے،عوام ہم پراعتماد کا اظہار کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی اور دیگر برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے70برسوں سے ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔عوام مسائل کے گرداب میں گھرے ہوئے ہیں۔لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ مہنگائی،بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی سمیت ان گنت مشکلات نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے عوام میں پذیرائی حاصل کررہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام دینی جماعتیں اپنے پروگرام کو عام عوام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ترکی کی طرح پاکستان میں بھی اسلام پسند افراد کامیاب ہوکر برسراقتدار آئیں گے اور ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ 25 جولائی 2018ء کو عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کرکرنا ہوگا۔اب ملک وقوم کی تقدیرکے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔