حب ڈیم سے پانی کے لیے متبادل انتظامات کرلیے گئے‘خالد شیخ 

110

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے حب ڈیم میں موجود پانی کی سطح مزید کم ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل انتظامات کرلیے ہیں جس کے تحت ڈیم کے نچلے حصے کا پانی سیکشن پمپ کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہارایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کے اطراف میں بارش ہونے سے ڈیم میں دوبارہ پانی آجائے گا۔شہریوں کو چاہیے کہ برسات کے لیے نمازاستسقاکا اہتمام کریں۔ واٹر بورڈ کا اسٹاف اورافسران نے ڈیم کے قریب نماز استسقا کا اہتمام کیا تھا اور ان کا آئندہ بھی نماز اور دعاؤں کا اہتمام کرنے کا ارادہ ہے۔ خالد محمود شیخ نے بتایا کہ بتدریج حب ڈیم کے پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے لیکن چند روز قبل بارش سے ایک فٹ پانی ڈیم میں پہنچ گیا تھا جس کے نتیجے میں 17 ایم جی ڈی پانی لیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی تقسیم کا نظام بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، مختلف ڈویژن کے انجینئرز کے تبادلے کرکے دیگر کو تعینات کیا گیا ہے اور جلد ہی والوو آپریشن کے عملے کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جانے والی ہے جس کے تحت طویل عرصے سے ایک ہی جگہ ڈیوٹی دینے والے والوو مین کے تبادلے کردیے جائیں گے۔ کرپشن کے سدباب کے لیے شعبہ فنانس سے تعلق رکھنے والے 16 اکاؤنٹس افسران کے تبادلے کیے جاچکے ہیں۔ خالد شیخ نے بتایا کہ ریونیو میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے ادارے کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوچکا ہے، اب ماہانہ 85 کروڑ روپے آمدنی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فروخت سے بھی ماہانہ آمدنی بڑھ کر9کروڑ روپے ہوچکی ہے جو ماضی میں 80 تا 90 لاکھ روپے ہوا کرتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ریونیو میں مزید اضافہ کے لیے صنعتی اور تجارتی صارفین کو میٹرز ریڈنگ کے حساب سے بلوں کا اجرا یقینی بنایا جائے گا جہاں اب تک میٹرز نہیں لگائے جاسکے وہاں فوری میٹر لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی چوری روکنے کے لیے بھی کارروائی کی گئی ہے جبکہ 2درجن سے زائد غیر قانونی کنکشنز ختم کیے جاچکے ہیں۔