ایم ایم اے کو موقع ملا تو کوئی غریب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا

114

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار پی پی 109 انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کو موقع ملا تو کوئی غریب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، بجٹ کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملنے تک بے روزگاری الاؤنس دیں گے۔ ستر سال کی عمر کے بوڑھوں کو بڑھاپا الاؤنس اور غریب کا مفت علاج ہوگا۔ سودی نظام ختم کر کے زکوٰۃ کا نظام قائم کریں گے۔ پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا اور پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی۔ ایم ایم اے کرپشن کے خاتمے کے لیے قوانین بنائے گی۔ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نتھو چک میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 106 کے امیدوار ڈاکٹر ممتاز حسین جٹ، سماجی شخصیت مرزا عبدالغنی، پروفیسر مظہر نعیم رندھاوا، رانا محمد خان، چودھری محمد سلیم سرور، ملک معراج الدین، حکیم سلیم ساجد، سید ایوب شاہ، قاری امتیاز سلفی اور چودھری عمر فاروق سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولر ازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا۔ قوم لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے اور ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہوکر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ متحدہ مجلس عمل کا نشان کتاب انقلاب کا منشور ہے، ہم قرآن کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔ مجلس عمل نے اپنے منشور میں لکھاہے کہ مجلس عمل کی حکومت دل، گردے، ہیپاٹائٹس اور تھیلسیمیا سمیت پانچ بیماریوں کا مفت علاج کرے گی۔ کشمیر کی آزادی، قبلہ اول کی حفاظت، روہنگیا، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کا تحفظ کریں گے۔ ملک میں خلافت راشدہ کے نظام کو زندہ کرنے کے لیے قوم منبر و محراب کا ساتھ دے۔