ابھی پشاور واقعہ کا غم لوگ بھول نہیں پائے تھے کہ دوسرا حملہ ہو گیا،رانا عدنان

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے ایم ایم اے کے رہنما اور امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر حملے اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی نگراں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں ۔ابھی چند دن قبل پشاور میں اے این پی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور کو ایک خودکش حملے میں جاں بحق کر دیا گیا، ابھی پشاور واقعہ کا غم لوگ بھول نہیں پائے تھے کہ دوسرا حملہ ہو گیا ۔جس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی ہی کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں حالات ایسے وقت میں خراب کیے جا رہے ہیں جب پورے پاکستان میں انتخابات کا میدان سج چکا ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں کے قائد ین و امیدواران اپنی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلیے ضروری ہے کہ دہشتگردی، لاقانونیت ، کرپشن اورکرپٹ عناصرسے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔جب تک ملک سے دہشتگردی اور کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔دہشتگردی کی نام نہاد جنگ میں پاکستان کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ملکی معیشت کو سوا سو ارب ڈالر کا ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ مگر اس کے باوجوددنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے سے قاصر ہے ۔