قوم لٹیروں کے بجائے ایم ایم اے کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے

148

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولرازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا ۔ قوم لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے کر غلبہ اسلام کے لیے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے ۔ مجلس عمل کی حکومت دل ، گردے ، ہیپاٹائٹس ، تھیلیسیمیا سمیت پانچ بڑی بیماریوں کا مفت علاج کرے گی ۔ دینی جماعتوں کا اتحاد 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہکشاں کالونی ڈھڈی والا میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیدوار پی پی115 رائے اکرم کھرل،چودھری سلیم گجر،عبدالستار بیگا،زبیر لطیف اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے،نظام مصطفیؐ کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں ، پاناما ، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں آیا، آئندہ عام انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتیں ہی فتح یاب ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام متحد ہو کر قوم کی ڈوبتی ناؤ کو کنارے لگاسکتے ہیں،ہم دنیا کو اسلام کے مطابق امن ، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف کے اصول بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں ۔ اقتدار کی باریاں لینے ، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکاہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کو موقع ملا تو کوئی غریب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، بجٹ کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملنے تک بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔ ستر سال کی عمر کے بوڑھوں کو بڑھاپا الاؤنس اور غریب کا مفت علاج ہوگا ۔ سودی نظام ختم کر کے زکوٰۃ کا نظام قائم کریں گے ۔پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا اور پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی ۔ ایم ایم اے کرپشن کے خاتمہ کے لیے قوانین بنائے گی۔پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہو جائے۔