ٹریفک پولیس کو درپیش مسائل کا تدارک کیا جائے گا، عبدالحق عمرانی

117

سبی (آئی این پی) ایس ایس پی سبی عبدالحق عمرانی نے کہا ہے کہ وسائل میں رہ کر ٹریفک پولیس کو درپیش مسائل کا تدارک کیا جائے گا، مختلف شاہراہوں پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے والے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے دھوپ سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، سبی میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے کے ساتھ ساتھ دھوپ اور گرمی سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پولیس کو اپنی مدد آپ کے تحت چھتریاں فراہم کرنے والے سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ موجودہ دور میں پولیس اب فورس نہیں بلکہ عوام کی مدد کرنے والی سروس بن گئی ہے، عوام اور پولیس کے درمیان رابطہ کاری اہمیت کی حامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک بوتھ سبی کے مقام پر سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ٹریفک اہلکاروں کو چھتریاں فراہم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے ایس پی قاضی علی رضا، سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر میر عبید اللہ رند، ٹریفک انچارج میر شوکت علی ڈومکی، لشکران خان، شریف خان، محمد اسلم کے علاوہ سائبان ویلفیئر ٹرسٹ سبی کے جنرل سیکرٹری شیخ رشید، چےئرمین جاوید گل، فنانس سیکرٹری حبیب اللہ، جوائنٹ سیکرٹری علی محمد، آفس سیکرٹری غفران خان، پریس سیکرٹری محمد طاہر، عباس منتظر، فرسٹ ایڈ ہرنائی کے انچارج سید خیر شاہ بخاری کے علاوہ رضا کاروں وٹریفک پولیس کے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں ایس ایس پی سبی عبدالحق عمرانی کی آمد پر ٹریفک پویس کے جوانوں نے سلامی دی، سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر عبیداللہ رند نے سائبا ن ویلفیئر ٹرسٹ کے حوالے سے تفصیلی آگہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کئی سال سے اپنی مدد آپ کے تحت انسانیت کی خدمات کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں، سبی سمیت بلوچستان بھر میں ٹھنڈے پانی کے کولرز، حادثات کے موقع پر فور ی طبی امداد کی فراہمی، لاوارث لاشوں کے کفن دفن کے انتظامات، اسپتالوں میں مفت کھانے کی فراہمی سمیت تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی فراہمی، غریب افراد کو راشن بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ سبی میں شدید گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے سبی ٹریفک پولیس کو اپنی مدد آپ کے تحت چھتریاں فراہم کی جارہی ہیں، سبی میں ٹریفک نظام ایک بہتر انداز سے اپنا کردار ادا کررہا ہے، پولیس کے محکمہ میں ٹریفک پویس کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سبی عبدالحق عمرانی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ قابل احترام ہیں مجھے خوشی ہوئی کہ سبی میں ٹریفک کا نظام بہترین انداز میں عوام کی خدمت کررہا ہے محددو وسائل میں رہ کر محکمہ پویس ٹریفک پولیس کی جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کردی ہے، شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کوئی دشواری کو سامنا نہ کرنا پڑے۔