حکومت انتخابی امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے، میاں مقصود

103

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مستونگ دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 15 افراد کے جاں بحق ہونے اور ایم ایم اے کے رہنما و امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے پر حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات کا ہوناانتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ صوبائی نگراں حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں۔ چند دن قبل پشاور میں اے این پی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور کو ایک خودکش حملے میں جاں بحق کردیا گیا، ابھی پشاور واقعہ کا غم لوگ بھول نہیں پائے تھے کہ دو اور واقعات کا ہونا تشویش ناک ہے۔ سازش کے تحت ملک میں حالات ایسے وقت میں خراب کیے جا رہے ہیں جب پورے پاکستان میں انتخابات کا میدان سج گیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین و امیدواران اپنی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام میں موجود ہیں۔ ملک وقوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی، لاقانونیت، کرپشن اور کرپٹ عناصرسے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ جب تک ملک سے دہشت گردی اور کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں پاکستان کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ملکی معیشت کو سوا سو ارب ڈالر کا ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا، مگر اس کے باوجود دنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا جارہا۔ ایم ایم اے کامیاب ہو کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرے گی اور 22 کروڑ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ وقت آ گیا ہے کہ بزدل قیادت سے نجات حاصل کی جائے۔