شر پسند عناصر پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، عنایت امین

71

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختونخوا کی ناظمہ عنایت امین ہارون بلور کے گھر تعزیت کے لیے گئیں۔ اس موقع پر نائب صوبہ حمیرا بشیر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے سوگوار خاندان کو جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی اور تمام کارکنان اور ذمے داران کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا، ان کی بیوہ کو دلاسہ دیا اور کہا کہ غم اور آزمائش کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شر پسند عناصر پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے اس لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر دہشت گردی اور بدامنی کی آڑ میں جمہوری عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ عوام یکجہتی کے ساتھ ان عزائم کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے جمہوریت کے لیے بلور خاندان کی قربانیوں کو سراہا اور ہارون بلور کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ انہوں نے بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے رہنما اکرم خان درانی اور مستونگ بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی پر ہونے والے بم حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور دونوں واقعات میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔