اڈیالہ جیل :نوازشریف کوبی کلاس الاٹ مریم نواز کا بہتر سہولتیں لینے سے انکار 

128

راولپنڈی(آن لائن)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف اور مریم نواز کو بی کلاس دے دی گئی تاہم مریم نوازنے بی کلاس لینے سے انکار کردیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کیٹیگری الاٹ کی گئی جس کے تحت وہ روم کولر ، بیڈ ، میٹرس ، جائے نماز ، ویل چیئر اور میزکرسی استعمال کر سکیں گے تاہم تمام اشیاء اپنے خرچ پر خریدنا ہوں گی جبکہ بی کیٹیبگری کے حصول کی بنیادی شرائط ، بی اے کی ڈگری ، این ٹی این نمبر اور 6 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادائیگی سمیت دیگر کوائف مکمل کرنا ہوں گے جب کہ مریم نواز نے اڈیالہ جیل سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے بی کیٹگری حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کا کہا گیا لیکن میں نے جیل حکام کی یہ پیشکش مسترد کردی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ خالصتاً میرا ذاتی فیصلہ ہے اور مجھ پر اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے تاہم قانونی ماہرین کے مطابق مریم نواز بی کیٹگری کے حصول کے لیے بنیادی شرائط پر پورا نہیں اترتیں اور درخواست مسترد ہونے کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے یہ بیان جاری کیا ہے۔