ڈیفنس ہیومن رائٹس شہدا اور زخمیوں کے ساتھ کھڑی ہے‘آمنہ مسعود 

114

راولپنڈی ( آن لائن ) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ہم شہید اورزخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے زخموں پر مرہم رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے الیکشن سے پہلے کی ملکی صورتحال پر کہا کہ الیکشن میں ہار جیت ایک ممکنہ عمل ہے مگر سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈروں پر حملے انتہائی غیر اخلاقی عمل ہے، انہوں نے اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت اور بنوں میں اکرم دْرانی کے قافلے پرہونے والے بم حملے پر گہرے دکھ کا اظہار اور ان واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ ابھی ان واقعات کا سوگ منایا جا رہا تھا کہ اس سے بھی بڑی قیامت مستونگ پر ٹوٹ پڑی جس میں سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے شہر لہو لوہان ہیں۔ ان کے زخموں پر مرحم رکھنا ہمارا فرض ہے اور اس غم اور کرب کے موقع پر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ الیکشن سے قبل کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما نے لا پتا افراد کے مسئلے کا حل اپنے منشور میں شامل نہیں کیا ہے۔