دھماکوں کے باوجود کریں گے،کچھ لوگ فساد چاہتے ہیں ،عمران خان 

171
صوابی :تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کر رہے ہیں 
صوابی :تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کر رہے ہیں 

صوابی(مانیٹر نگ ڈ یسک+صباح نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ باہر بیٹھی ہوئی قوتیں انتخابات کو خراب اور ملتوی کرانا چاہتی ہیں،دھماکوں کے باوجود جلسے کر یں گے ، کچھ لوگ فساد چاہتے ہیں ۔صوابی میں انتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مستونگ واقعے پر دل بہت دکھی ہے،شہید سراج رئیسانی محب وطن پاکستانی تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے لوگوں نے کہا کہ مستونگ واقعے پرآج کے جلسے ملتوی کردوں اور ساتھ یہ بھی کہا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے تو آپ بنی گالہ یا زمان پارک میں بیٹھ جائیں لیکن آج جلسے منسوخ کردیتا ہوں تو اس کا فائدہ پاکستان میں انتشارپھیلانے والوں کو ہوتا۔انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھی ہوئی قوتیں انتخابات کو خراب اور ملتوی کرانا چاہتی ہیں، پاکستان میں بیٹھی ہوئی کچھ قوتیں بھی بیرونی قوتوں کاساتھ دے رہی ہیں کیوں کہ یہ لوگ پاکستان کو آگے بڑھتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے، تحریک انصاف کے جلسے منسوخ نہیں ہوں گے اور 23 جولائی تک شیڈول کے مطابق جلسے ہوں گے۔ عمران خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور میں صرف 4 سے 8 ہزار لوگ سڑکوں پر نکلے اور شہباز شریف گاڑی میں چھپے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ صاف نظر آرہا تھا کہ شہباز شریف خوش ہورہے ہیں اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی باری آنے والی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آپ کے لیے اچھی خبر نہیں ہے کیوں کہ آپ کو بھی نوازشریف کے ساتھ اڈیالہ جانا ہے اور 25 جولائی کے بعد شہبازشریف کی بھی باری ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب نے نواز شریف کے بیٹوں سے سوال کیا کہ 300 ارب روپے کا حساب دیں تو انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے شہری نہیں ہیں جب کہ ان کے خاندان کا بزنس ہی کرپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا گھپلا نکالا ہے جس میں آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور ملوث ہیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ پیسہ قوم کا پیسہ ہے جو عوام پر خرچ ہونا تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں ہے انہیں کیسے اس ملک کا درد ہوگا، میں نے باہر کرکٹ کھیل کر پیسہ کمایا اور سب کچھ بیچ کر پیسہ واپس پاکستان لایا۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کا قرض کرپشن اور نااہل لوگوں کی وجہ سے بڑھا ہے کیوں کہ نواز اور زرداری حکومت میں نااہل لوگوں کو اداروں کے اہم عہدوں پر لگایا گیا۔