نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے خواتین میدان عمل میں نکلیں

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی شعبہ خواتین نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کردیا۔ یو سی 67 میں سلمہ طارق، یوسی 82 میں صبا حنیف نے رخشندہ آصف، عمارہ مقدس اور دیگر خواتین کارکنان کے ہمراہ امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ اور پی پی 115 رائے اکرم کھرل کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم کی اور خواتین کو متحدہ مجلس کے منشور اور ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ پی پی 114 میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ ضلع نجمہ خانم نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے خواتین میدان عمل میں نکلیں، یہ موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا، اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو کرپشن، بدیانتی سے پاک ہوں، لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دے اور ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ انتخابات میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے۔ دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔