تمام سیاسی جماعتوں سے نئے میثاق جمہوریت کیلیے تیار ہیں، بلاول زرداری

135

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+خبرایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت پسند تمام جماعتوں سے وسیع تر میثاق جمہوریت پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے حوالے سے نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہمارا تجربہ اچھا نہیں رہا، مسلم لیگ (ن)،نوازشریف اور شہباز شریف نے میثاق جمہوریت پر اعتماد کھویا،ہم
جمہوریت پسند تمام جماعتوں سے وسیع تر میثاق جمہوریت پر بات چیت کے لیے تیار ہیں،ضرورت پڑی تو پارلیمنٹ میں آنے والی تمام جمہوریت پسند جماعتوں سے اتفاق رائے کی کوشش بھی کریں گے، ہم کسی صورت بنیادی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے، نواز شریف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہییں۔سیاسی قائدین اور امیدواروں کی جانب سے غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر بلاول زرداری نے کہا کہ میری توجہ پارٹی منشور اور عوامی مسائل پر ہے، میں اپنے مثبت کردار اور نظریات کی مدد سے نوجوانوں کو متاثر کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اسی کی بنیاد پر نوجوان طبقہ سیاست، معیشت اور اقتصادیات میں اپنا کردار ادا کرے گا،مخالفین پر تنقید انتخابی سیاست کا حصہ ہے لیکن سیاستدان عوام کو آگاہی دینے کے بجائے تشدد کو فروغ دے رہے ہیں،ملک گالی گلوچ اور نفرت آمیز سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے بعض جلسے منسوخ کیے، ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لیے کاغذی کے بجائے عملی پلان اپنانا اور اس پر عمل کرنا ہوگا۔