عوام25جولائی کو گھر سے نکلیں اورسرمایہ داروں کے اقتدار کا خاتمہ کریں

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں نے کہا ہے کہ عوام25جولائی کو اپنے گھر سے نکلیں اورسرمایہ داروں کے اقتدار کا خاتمہ کریں، ایم ایم اے انقلابی کارواں اور مورچہ ہے جوملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے بناہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی ،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ایک ہی طبقہ ملک پر عرصہ درازسے قابض ہے، جو صرف پارٹیاں بدلتا رہتاہے ۔متحدہ مجلس عمل ان شاء اللہ اقتدارمیں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم ،تعلیم ،صحت مفت ،کارخانے کے مزدور کا کارخانے کے منافع میں حصہ ،کسان کا کھیت کے پیداوارمیں حصہ شامل کرے گی ،بیروزگارکو روزگار الاؤنس دیا جائے گا ضعیف لوگوں کو بھی الاؤنس ،بے گھروں کو شیلٹر دیاجائے گا ،انہوں نے کہاکہ بلاول نے مخلوط حکومت بننے کا کہاہے جس کے وزیر اعظم اس کے اپنے ابو آصف زرداری بنیں گے جبکہ آصف زرداری بلاول کو اگلا وزیر اعظم بناناچاہتے ہیں، کیا ان کے سوا پی پی میں کسی اورکی عزت نہیں اور ایسا کوئی نہیں جسے یہ منصب دیاجائے ،انہوں نے کہاکہ ٹی وی چینل پر کروڑوں روپے کے اشتہار میں جو چہرے دکھائے جارہے ہیں، وہ 25جولائی کے بعد نظر نہیں آئیں گے۔