متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیٹر کرنل (ر) طاہر مشہدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما، سابق سینیٹر کرنل (ر) طاہر مشہدی نے اپنی جماعت کو باضابطہ طور پر خیرباد کہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے اینٹی رگنگ سسٹم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جدو جہد اور ان کا نظریہ دیکھ کر میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب یہی ہے کہ ووٹر کو عزت دی جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2018 میں ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر طاہر مشہدی نے متحدہ پاکستان میں دھڑے بندی اور سیاست کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
عوام کے نام کھلے خط میں ان کا کہنا تھا کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی میں شامل ہوکر ا?ج اقتدار کے لیے دست و گریبان ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت سے متوسط طبقے کی نمائندگی کی توقع نہیں کی جاسکتی اور اقتدار کے لیے دست و گریباں دونوں گروپ خود غرض اور لالچی ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا بلکہ جماعت کی اب صرف تباہی ہے۔
یاد رہے کہ جون 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما رشید گوڈیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی پارٹیوں کا اثرو رسوخ کبھی ختم نہیں ہوتا اور جمہوری روایات کے تناظر میں ایسے رہنا بھی چاہیے جو صحت مند مقابلے کی نشانی ہے۔