ایم ایم اے نے بے داغ امیدوار وں کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے 

103

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)صدرمتحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ ایم ایم اے نے شفاف اوربے داغ امیدوار وں کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے تاکہ وہ اپنی حقیقی قیادت کو پہچان سکیں ۔ہماری صفوں میں پاناما زدہ اور کرپٹ لوگ ہیں نہ ہی قرضے لیکر ہڑپ کرنے والے ہیں ۔ یہ سب آپ کے درمیان رہنے والے اللہ سے ڈرنے والے لوگ ہیں جب یہ اسمبلیوں میں پہنچیں گے تو اللہ تعالیٰ برکت اور رحمت کے دروازے کھول دے گا ۔کچھ لوگ ملک سے حیا کا جنازہ نکالنا چاہتے ہیں ۔ قوم یہ نہیں ہونے دے گی کہ یہاں شراب خانے آباد اور مسجدیں اور مدارس ویران ہوں ۔اسلام آبا د میں ایم ایم اے کے انتخابی کیمپ پرپولیس کی فائرنگ قابل مذمت ہے۔ تمام تراوچھے ہتھکنڈوں کے باوجودمیدان نہیں چھوڑیں گے، الیکشن کمیشن ہمارے امیدواروں کے بینرزاتارنے کا نوٹس لے ۔ان خیالات کااظہارانہو ں نے گڑھی افغاناں میں این اے 63کے عظیم الشان انتخابی جلسہ عام سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیدوار این اے63و پی پی 20محمدوقاص خان ،امیدوارپی پی 19ملک سفیرعالم سمیت دیگرقائدین اورعلمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ یہ تاثربہت تیزی سے حقیقت کا روپ دھاررہا ہے کہ ایک پارٹی کی سرپرستی کے ذریعے انتخابات کو متنازع بنایا جارہا ہے ۔نگران حکومت اور الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو غیر جانبدار اور شفاف بنائے ،اگرعوام کا الیکشن پر اعتماد نہ رہا تو ملک میں انتشار اور انارکی کو پھیلنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔یہ الیکشن نظریا ت ، تہذیب اور کلچر کا مقابلہ ہے ۔یہ غیر ت اور بے غیرتی اور حیااور بے حیائی کے درمیان مقابلہ ہے ۔ سیکولر ازم کے حامی چاہتے ہیں کہ اسلام کو مسجد تک محدود کردیا جائے اوراس سے پارلیمنٹ میں قانون سازی اور اقتدار کا حق چھین لیا جائے،یہ ٹولہ ہمارے نوجوانوں کو اسلام سے بغاوت پر اکسا رہا ہے ۔