حالیہ دہشت گردی کے بعد سیکورٹی تحفظات دور کیے جائیں، میاں مقصود

107

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والے سیکورٹی تحفظات ختم ہونے چاہییں۔ پُرامن ماحول میں انتخابی مہم اور 25 جولائی کو عام انتخابات یقینی بنائے جائیں۔ خوف اور بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے وفاقی و صوبائی نگراں حکومتوں کو سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی زیادہ فعال اور متحرک ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ نگراں حکومت کو شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ انتخابات کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔ متحدہ مجلس عمل نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، کراچی اور صوبہ پنجاب میں اپنے امیدوار میدان میں اتار دیے ہیں۔ ایم ایم اے ماضی کی طرح خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ملک بھر میں 25 جولائی کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیدوار انتخابی قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ کروڑوں روپے خرچ کرکے تشہیر کی جارہی ہے۔ تشہیری مہم کے لیے الیکشن کمیشن نے این اے کی سیٹ کے لیے 40 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کی سیٹ کے لیے 20 لاکھ حد مقرر کی ہے مگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے صرف ٹی وی چینلز پر ہی کروڑوں روپے کی تشہیری مہم کی جارہی ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کی اس طرف کوئی توجہ نہیں اور ایسے امیدواروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ الیکشن کمیشن انتخابی قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروائے اور انتخابات سے قبل پری پولنگ رگنگ کو بھی روکا جائے۔ ماضی کی حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کے لیے مسائل کے انبار کھڑے کردیے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں نے محض اقتدار کو انجوائے کرنے اور لوٹ مار کی سیاست کو فروغ دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔