ایفی ڈرین کیس، حنیف عباسی کے وکیل کے دلائل جاری

164

راولپنڈی (آن لائن) انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی اور ان کے بھائی باسط عباسی سمیت 8 ملزمان کیخلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ملزمان کے وکیل نے جمعرات کے روز بھی دلائل جاری رکھے۔ عدالت عالیہ راولپنڈی بینچ کے حکم پر ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی یومیہ بنیادوں پر سماعت کے چوتھے روز گریس فارما کے مالک حنیف عباسی ان کے بھائی و حماس فارما کے مالک باسط عباسی، چچا زاد بھائی و فیکٹری منیجر سراج احمد عباسی، برادر نسبتی ومارکیٹنگ منیجر رانا محسن خورشید، پروڈکشن منیجرغضنفر علی، کوالٹی کنٹرول منیجر ناصر خان اوراے بی فارماسیوٹیکل کے مالک احمد بلال کے علاوہ نزاکت خان پر مشتمل آٹھوں ملزمان اپنے وکیل تنویر اقبال کے ہمراہ جبکہ اے این ایف کے وکیل زاہد محمودڈپٹی ڈائریکٹر لا محمد طارق اور ایفی ڈرین کوٹہ کیس کے خصوصی لا افسرمرزا عبدالرحمن بھی عدالت میں موجود تھے۔ ملزمان کے وکیل نے دلائل کے دوران موقف اختیار کیا کہ اے این ایف نے عدالت سے ریکارڈ چھپانے کی کوشش کی صاف نظر آ رہا ہے کہ سارے معاملے میں صرف ایک شخص کو بک کیا گیا۔ وقت ختم ہونے پرعدالت نے سماعت آج (بروز جمعہ) تک ملتوی کر دی۔