مریم نواز کا پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے انکار

353

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے۔

جیل انتظامیہ ذرائع کے مطابق مریم نواز کا موقف ہے کہ وہ اپنے والد اور خاوند کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کے ساتھ اڈیالہ میں ہی رہیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ مریم نواز کو اڈیالہ سے ریسٹ ہاؤس منتقل کرنا چاہتی ہے اور گزشتہ تین روز سے اس حوالے سے انتظامات بھی کیے جاچکے ہیں۔

جیل انتظامیہ ذرائع نے بتایا کہ سہالہ ریسٹ کو سب جیل قرار دینے کےلیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے اور اس سلسلے میں 20 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

مریم نواز کی منتقلی کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹروں کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں خواتین قیدیوں کےلیے بیٹر کلاس کی سہولت نہیں اور ان کو دیگر خواتین قیدیوں کے ساتھ بیرک میں ہی رکھا گیا ہے جہاں سہولیات بہتر نہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ کو مریم نواز کو بیٹر کلاس نہ دینے پر تنقید کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی کو سزا سنائی تھی۔

نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔