نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،شہباز شریف

112
پشاور: ن لیگ کے سربراہ شہباز شریف ہارون بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کررہے ہیں
پشاور: ن لیگ کے سربراہ شہباز شریف ہارون بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کررہے ہیں

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگراں حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،پی ٹی آئی کے احکامات پر ہمارے رہنماؤں کیخلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں،پنجاب حکومت اور تحریک انصاف دونوں ہی ہمارے حریف بنے ہوئے ہیں، اس تمام صورتحال میں الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جبکہ نیب کی تمام کارروائیاں بھی ہمارے خلاف ہیں۔ پشاور میں اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر لاہورمیں عوام کا سمندر امڈ آیا تھا جو اپنے قائد سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہزاروں کارکنان استقبال کے لیے نکلے لیکن ایک گملا نہیں ٹوٹا، ٹرک کی لائٹ کو خراش تک نہیں آئی لیکن پھر بھی ہمارے سیکڑوں کارکنوں کوگرفتارکرلیا گیا، اور یہ سب پی ٹی آئی کے ایما پر ہوا کیوں کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں ہی ن لیگ کے سیاسی حریف بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کے احکامات کو بجا لاتے ہوئے ہی نگراں پنجاب حکومت نے ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درجنوں مقدمات درج کیے۔شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی ہے اور الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، خط لکھنے پر کاغذائی کارروائی ہوتی ہے، دوسری جانب نیب صرف اور صرف ن لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے کارروائیاں کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام تر ناانصافیوں کے باوجود انتخابی مہم چلانے کی کوشش کی ہے، مجھے میاں مٹھو بننے کی عادت نہیں لیکن اگرشفاف الیکشن ہوئے تو ن لیگ جیتے گی، اور ویسے بھی اقوام عالم میں پاکستان کا نام بنانے کے لیے صاف اور شفاف الیکشن بے حد ضروری ہیں۔